Friday, March 29, 2024

مسکراہٹیں بکھیرنے والے فنکار جیدی مداحوں کو افسردہ کر گئے

مسکراہٹیں بکھیرنے والے فنکار جیدی مداحوں کو افسردہ کر گئے
May 10, 2020
کراچی (92 نیوز) اردو کے ممتاز شاعر، ڈرامہ نگار، فلم ساز اور ٹیلی ویژن کے کردار جیدی سے شہرت حاصل کرنے والے منجھے ہوئے اداکار اطہر شاہ خان جیدی ہم سے جدا ہوگئے۔ وہ کئی برس سے شوگر اور گردے کے عارضے میں مبتلا تھے۔ مسکراہٹیں بکھیرنے والے پاکستان کے معروف ٹی وی فنکار اطہرشاہ خان عرف جیدی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، وہ کچھ عرصہ سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، اور عمر 77 برس تھی۔ اطہرشاہ خان 1943 میں ریاست رام پور میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد اہلخانہ کے ہمراہ 1947 میں لاہور اور 10 سال بعد کراچی منتقل ہوگئے۔ ابتدائی تعلیم لاہور اور سیکنڈری تعلیم پشاور سے حاصل کی، جس کے بعد کراچی کے گریجویشن اور پنجاب یونیورسٹی سے صحافت میں ماسٹرز کیا۔ اپنے تخلیق کردہ مزاحیہ کردار "جیدی" کے نام سے مشہور ہوئے اور مزاحیہ شاعری میں بھی "جیدی" تخلص رہا۔ جیدی کے نام سے مشہور فنکار نے پی ٹی وی کے مزاحیہ مشاعروں کے سلسلے "کشت زعفران" سے مقبولیت حاصل کی۔ اطہر شاہ خان نے تھیٹر، ریڈیو، ٹیلیویژن سمیت فلموں کیلئے نہ صرف لکھا، بلکہ اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔ ان کی سپرہٹ ڈرامہ سیریلز میں جیدی اِن ٹربل، انتظار فرمائیے، ہیلو ہیلو، برگر فیملی، آشیانہ، پرابلم ہاؤس، ہائے جیدی، با ادب باملاحظہ ہوشیار اور کیسے کیسے خواب سمیت درجنوں ڈرامے شامل ہیں۔ حکومت پاکستان نے 2001 میں اطہر شاہ خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اُنہیں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا، جبکہ پاکستان ٹیلی ویژن کی سلور جوبلی کے موقع پر اُنہیں گولڈ میڈل دیا گیا۔