Friday, April 19, 2024

مسلمان تنگ نظر نہیں ، تشدد ہوا تو رد عمل آئیگا، سید سرور چشتی

مسلمان تنگ نظر نہیں ، تشدد ہوا تو رد عمل آئیگا، سید سرور چشتی
June 3, 2019
نئی دہلی ( 92 نیوز) بھارت میں  مسلمانوں پر تشدد کے بڑھتے واقعات پر خادم آستانہ عالیہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمتہ اللہ علیہ کے گدی نشین سید سرور چشتی کا کہنا ہے کہ مسلمان تنگ نظر نہیں لیکن اگر اسی طرح اُنہیں مارتے رہیں گے تو ردعمل آئے گا، مسلمانوں پر مظالم پر  سب کو آواز اٹھانی چاہیے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دوبارہ برسراقتدار آنے کے بعد  بھارت میں مسلمانوں پر  مظالم کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔صرف دو ہفتوں کے دوران جنونی ہندوؤں کے ہاتھوں مسلمانوں پر تشدد کے تین واقعات سامنےآچکے ہیں ۔ خادم آستانہ عالیہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمتہ اللہ علیہ کے گدی نشین سید سرور چشتی نے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔۔اُن کا کہنا تھا کہ مسلمان تنگ نظر نہیں،  گائے کے گوشت کے نام پر مسلمانوں کو ماراجا رہا ہے ، ہمیں دیوار سے لگادیا گیا ہے ، آخر کب تک کسی بھی قوم پر ظلم و ستم کرتے رہیں ۔ سید سرور چشتی کا مزید کہنا تھا کہ  ہندوؤں میں انتشار پھیلا کر مسلمانوں میں نفرت پیدا کی جارہی ہے ، خاموشی اور فطرت نے مسلمانوں کو بانٹ دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں  کو مظالم کیخلاف آواز  بلند کرنی چاہیے ۔