Friday, April 26, 2024

مسلم لیگ نون کے رہنما جاوید لطیف کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور

مسلم لیگ نون کے رہنما جاوید لطیف کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور
June 9, 2021

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ نون کے رہنما جاوید لطیف کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور ہو گئی۔ سیشن کورٹ نے دو ، دو لاکھ روپے کے دو مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دے دیا۔

سیشن کورٹ لاہور نے مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کی ضمانت منظور کر لی۔ جاوید لطیف کی درخواست ضمانت پر ایڈیشنل سیشن جج محمد حفیظ الرحمان خان کی جانب سے محفوظ فیصلہ کچھ دیر بعد سنا دیا۔

میاں جاوید لطیف چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کاٹنے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دئیے گئے تھے۔ اس سے پہلے ریاست مخالف بیانات کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کو بکتربند گاڑی میں ماڈل ٹاؤن کچہری میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے جاوید لطیف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23 جون تک توسیع کر دی تھی۔

غیر رسمی گفتگو میں مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی فکر نہیں ملک کی فکر ہے ملک کا نظام تباہ ہو گیا۔ انہوں نے نوازشریف کی اسی سال واپسی کاعندیہ بھی دیا۔

سیشن عدالت کی جانب سے ضمانت کے فیصلے کے بعد جاوید لطیف کی رہائی کی روبکار جاری ہو گی۔