Thursday, April 25, 2024

مسلم لیگ نون نے پابندی کے باوجود لاہور میں مال روڈ پر ریلی نکالی

مسلم لیگ نون نے پابندی کے باوجود لاہور میں مال روڈ پر ریلی نکالی
July 25, 2019
لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ نون نے عدالتی احکامات ہوا میں اڑا دیے۔ پابندی کے باوجود لاہور میں مال روڈ پر ریلی نکالی۔ الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپوزیشن نے ملک بھر میں احتجاج کیا۔ شہر شہر ریلیاں نکالی گئیں اور جلسے کیے گئے۔ رہنماؤں نے بھی خوب لہو گرمایا۔ لاہور میں مال روڈ پر اپوزیشن کے اجتماع سے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے خطاب کیا اور حکومت پر تنقید کی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا آج جو لوگ نواز شریف کے ساتھ جیلوں میں ہیں، انہوں نے پاکستان کی خدمت کی۔ نواز شریف نے ملک میں اندھیرے ختم کیے۔ چاہے جان چلی جائے، پاکستان کی خدمت نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا ایک سال پہلے عوام کے ووٹ پر ڈاکا پڑا، اس کا حساب لیں گے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے کہا کہ پچیس جولائی ملکی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔ اس دن عوامی حقوق پر ڈاکا مارا گیا۔ نوازشریف اور آصف زرداری کو برا بھلا کہنے سے کیا معیشت ٹھیک ہو گئی۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا کوئی بیانیہ نہیں۔ پشاور میں بھی متحدہ اپوزیشن نے پنڈال سجایا۔ اس موقع پر رہنما ن لیگ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ایک سال میں ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔ عوام کو مستقبل کیلئے کھڑا ہونا ہو گا۔ مولانا فضل الرحمان بولے قوم نے عمران خان کو مسترد کر دیا۔ عمران خان نے این آر او مانگنے کیلئے وفد ان کے پاس بھیجا۔ وزیراعظم کو این آر او ملے گا نہ چیئرمین سینیٹ کو۔ اسفندیار ولی بولے بیرون ملک جائیداد نکل آئے تو انہیں پھانسی دے دیں۔ علیمہ خان سے بھی منی ٹریل مانگی جائے۔ مال روڈ لاہور پر اپوزیشن اور پولیس میں تصادم بھی ہوا ۔ لیگی کارکنوں نے رنگ روڈ بھی بند کیے رکھی۔