Friday, April 26, 2024

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی عدالتی فیصلے پر کھل کر تنقید

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی عدالتی فیصلے پر کھل کر تنقید
December 15, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے عدالتی فیصلے پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلہ اسکرپٹ کے مطابق آیا ہے ، جہانگیر ترین کو قربان کیا گیا ہے اصل مقصد عمران خان کو بچانا تھا۔

عدالتی فیصلے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ جو فیصلہ آیا ہے اس کے اوپر اپنی رائے تفصیلی فیصلہ پڑھنے کے بعد دوں گا۔

اس موقع پر دانیال عزیز نے کہا کہ جہانگیر ترین کو قربان کرکے، انصاف کا دکھاوا پیش کرکے عمران خان اور پی ٹی آئی کو بچایا گیا ہے، یہ عین اسکرپٹ کے مطابق ہے۔

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ برطانوی راج کے باقیات تمام ادارے اس ملک کے بچوں کے مستقبل کو روشن دیکھنا پسند نہیں کرتے، یہ برطانوی راج کی طرح آئین سے بالاتر ہوکر اختیار برقرار رکھنا چاہتے ہیں، ہم اس ملک میں جمہوریت کو پنپتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک قانون کے دو ترازو نہیں ہوسکتے، ایک طرف ایک منتخب وزیراعظم کو اقامے کی بنیاد پر غیر وصول شدہ تنخواہ کے اوپر نااہل کردیا جاتا ہے اور دوسری طرف اس شخص کو یہ کہا جاتا ہے کہ اگر آف شور کمنپی تھی اور ڈکلیئر نہیں ہوئی تو کوئی بات نہیں۔

اس موقع پر طلال چودھری نے کہا کہ ہم اس فیصلے کو نہیں مانتے،لوگ پہلے ہی کہتے تھے  کہ عمران کو بچایا اور ترین کو قربان کرایا جائے گا۔