Saturday, April 20, 2024

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے فیصل آباد ورکرز کنونشن پر قیادت کو مایوس کردیا

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے فیصل آباد ورکرز کنونشن پر قیادت کو مایوس کردیا
July 13, 2019
فیصل آباد ( 92 نیوز) مسلم لیگ ن فیصل آباد کے رہنماؤں نے ورکرز کنونشن منعقد کرانے کے معاملے پر مریم نواز سمیت مرکزی قیادت کو مایوس کر دیا اور کنونشن کے انعقاد پر ہاتھ کھڑے کر دیے ،  سابق و موجودہ ارکان اسمبلی نے قیادت کے فون تک سننا بند کر دیے جبکہ دیگر نے سرگرمیاں محدود کر رکھی ہیں۔ مسلم لیگ عوام کا ہی نہیں کارکنوں کا سامنا کرنے سے بھی کترانے لگی ، فیصل آباد میں ایک لیگی ورکرز کنونشن کا انعقاد بھی مقامی لیگی قیادت کیلئے پہاڑ بن گیا، ذرائع کے مطابق مریم نواز سمیت مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت فیصل آباد کے قائدین پر برہم اور نالاں ہو گئی۔ ذرائع کہتے ہیں کہ صنعتی شہر کے بیشتر سابق و موجودہ ارکان اسمبلی و دیگر رہنماؤں کا فون سننے سے بھی گریز کرنے لگے ، قیادت کا جن لیگی رہنماؤں سے رابطہ ہوا انہوں نے بھی ورکرز کنونشن کے انعقاد سے عذر پیش کردیے ۔ غلام محمد آباد سے اہم لیگی فیملی غائب جبکہ کچھ رہنما اِدھر اُدھر ہو گئے ، جو لیگی رہنما منظر عام پر موجود ہیں انہوں نے بھی سرگرمیاں محدود کرکے چُپ سادھ لی ہیں۔ ذرائع کہتے ہیں تحصیل سانگلہ ہل میں کنونشن ہو چکا جبکہ پنجاب کے دوسرے بڑے شہر میں مثبت درعمل نہ ملنے پر لیگی قیادت شدید مایوسی کا شکار ہے۔