Thursday, March 28, 2024

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ، 62ارکان غائب

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ، 62ارکان غائب
November 16, 2017 ویب ڈیسک

اسلام آباد ( 92 نیوز ) حکومتی مشکلات میں اضافہ ہونے لگا۔ مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ناراض ارکان شریک نہیں ہوئے ۔ وزیر کھیل ریاض پیرزادہ اور سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ جمالی بھی غیر حاضر رہے

 جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے بیشتر ارکان اسمبلی بھی غائب رہے ۔
ن لیگ کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں 62 ارکان حاضری لگوانے نہ پہنچے ۔ معاملے کا نوٹس وزیراعظم شاہد خا قان عباسی نے بھی لیا جبکہ ارکان کا نہ آنا ن لیگ کے لئے خطرے کی گھنٹی بجنے کے مترادف ہے ۔ن لیگ کے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی میں فارورڈ بلاک کے خدشات کو تقویت ملی ۔ اسمبلی میں ن لیگ کے ارکان کی کل تعداد 188 ہے جبکہ اجلاس میں 126 ارکان کی حاضری لگی ۔ باقی کے 62 ارکان کہاں ہیں کسی کو معلوم نہیں۔


وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی معاملے پر پریشانی کا شکار ہو گئے ۔ وزیراعظم نے بھی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ن لیگ کے ارکان کی غیر حاضری کا نوٹس لیا اور غیر حاضر ارکان کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے کئی جتن بھی کئے ۔
پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں میر ظفر اللہ جمالی، خسرو بختیار، ریاض حسین پیرزادہ ، حمزہ شہباز ، پرویز ملک اور شائستہ ملک کے ساتھ ساتھ جنوبی پنجاب کے بیشتر ارکان بھی حاضری لگانے نہ پہنچے ۔