Tuesday, April 16, 2024

مسلم لیگ ن کی انتخابی سیاست کا مستقبل کیا،سیاسی حلقوں میں بحث جاری

مسلم لیگ ن کی انتخابی سیاست کا مستقبل کیا،سیاسی حلقوں میں بحث جاری
July 2, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) مسلم لیگ ن کی انتخابی سیاست کا مستقبل کیا ہو گا، سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے ۔ شاہ محمودقریشی کہتے ہیں سیاسی عدم استحکام کی کوشش نہ کی جائے، کوئی جماعت الیکشن سے لاتعلق ہونے کو تیار نہیں ، احسن اقبال کا بھی کہنا ہے کہ  لیگ کبھی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرےگی۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے انتخابات کے بائیکاٹ کی خبر آنے کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ، لندن میں کیا کھچڑی پک رہی ہے؟، ن لیگ کی حکمت عملی اور انتخابی سیاست کا مستقبل کیا؟ ، سنجیدہ حلقوں میں چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں ۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کہتے ہیں نوازشریف کی جانب سے الیکشن  لڑنے کے لئے رکھی گئی تینوں شرائط مسترد کرتے ہیں، کوئی جماعت الیکشن سے لاتعلق ہونے کو تیار نہیں، سیاسی عدم استحکام کی کوشش نہ کی جائے۔ سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ن لیگ کبھی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، پاکستانی عوام کی سپورٹ اور جذبات مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں۔ معروف صحافی اور تجزیہ نگار ڈاکٹر دانش نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ چاہتی ہے کہ الیکشن ملتوی ہوں، شہبازشریف کو مسلم لیگ ن کے فیصلوں سے دور رکھا گیا ہے، تمام فیصلے نوازشریف اور مریم نواز کر رہے ہیں ۔ ڈاکٹر دانش کا کہنا تھا کہ9 جولائی نیب کورٹ سے شریف فیملی کے خلاف ریفرنسز کے فیصلے کا آخری دن ہو سکتا ہے۔