Saturday, April 20, 2024

مسلم لیگ ن کا پنجاب بچاؤ تحریک شروع کرنے کا عندیہ

مسلم لیگ ن کا پنجاب بچاؤ تحریک شروع کرنے کا عندیہ
July 18, 2020

لاہور ( 92 نیوز) مسلم لیگ ن نے پنجاب بچاؤ تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا، رہنما ن لیگ احسن اقبال نے کہا کہ پنجاب کو پسماندہ ترین صوبہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، عمران نیازی پنجاب کی تباہی پر جواب دہ ہوں ، پنجاب بیٹھ گیا تو معیشت اور پاکستان کا نظام بیٹھ جائے گا۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ  دو سال میں دو کروڑ عوام خط غربت سے نیچے چلے گئے ،بیرون ممالک سے آنیوالی  ڈاکٹرز کو لائسنس جاری نہیں کئے جا رہے ، حکومت کی صرف ایک ترجیح ہے کہ جھوٹے کیس کیسے بنانے ہیں ، وقت آگیا ہے کہ ہمیں پنجاب بچاؤ تھریک شروع کرنا پڑے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم و صحت کا نظام تباہ وہ گیا ، پنجاب کا سارا انفرااسٹرکچر تباہ ہو گیا ، گزشتہ دو سال میں سڑکوں پر ایک روپیہ خرچ نہیں ہوا ، یہ پنجاب کو پچاس سال پیچھے لے گئے ہیں ، اس تباہی پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے ۔

احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ  پنجاب تباہ ہو رہا ہے کیونکہ بزدار حکومت منظور پاپڑ فروش جیسے کرداروں سے کروڑوں روپے خیرات نہیں لے رہی ،  آج نثار گل ، مسرور انور جیسے ذاتی ملازمین حکومت کیلئے روزانہ کروڑوں کی کرپشن نہیں کر رہے ،  نارووال کے ارسو کو دکھ ہے کہ کورونا میں کمی کی وجہ سے انہیں تنقید کا موقع نہیں مل رہا۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ نے پنجاب میں کام کیا ہوتا تو اقتدار سے باہر بیٹھ کر مستقبل کے صیغوں  میں بات نہ کر رہے ہوتے ، پنجاب میں محکمہ صحت کا بیڑہ غرق کرنیوالے آج دوسروں کے کندھوں پر بندوق رکھ کر چلا رہے ہیں ،  پنجاب میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوسرے فیز میں کیسز کی تعداد 5.39 فیصد سے کم ہو کر 0.74 فیصد تک آ گئی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب میں 8 سے زائد بی ایس ایل تھری لیبارٹریز کی بدولت کورونا ٹیسٹنگ کیپسٹی 16 ہزار روزانہ سے زائد ہو گئی ہے،آج پاکستان وینٹی لیٹرز، پی پی ایز اور دیگر طبی حفاظتی سامان بنانے میں خود کفیل ہے۔