Friday, April 26, 2024

مسلم لیگ ن کا قانون سازی کے حوالے سے حکومتی کمیٹی کے ساتھ بات کرنے سے انکار

مسلم لیگ ن کا قانون سازی کے حوالے سے حکومتی کمیٹی کے ساتھ بات کرنے سے انکار
December 12, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ ن نے قانون سازی کے حوالے سے حکومتی کمیٹی کے ساتھ بات کرنے سے انکار کر دیا۔ احسن اقبال نے کہا حکومت کو آرمی چیف کی مدت میں توسیع کیلئے اپوزیشن کی ضرورت ہے ، ہم کمیٹی سے بات کرنے کو تیار نہیں ۔ عمران خان تعاون چاہتے ہیں تو براہ راست بات کریں ۔ انہوں نے کہا حکومت کے رویے سے لگتا ہے وہ اپوزیشن کو مشتعل کر رہی ہے تاکہ آرمی چیف پر قانون سازی نہ ہو۔ پروگرام ہو کیا رہا ہے؟ میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا شہبازشریف نے جو کچھ دس سال میں پنجاب میں کیا اس سب پر پانی پھیرا جارہا ہے۔ عمران خان سپورٹس مین تھے، توقع تھی کہ سیاست میں بھی سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کریں گے، کوئی لیڈر ایسا نہیں ہوتا جو جلسوں میں کہے کہ جاکر فلانے کو پکڑ لو۔ احسن اقبال نے کہا کل فیاض الحسن چوہان کے ساتھ ہونے والے واقعہ کی مذمت کرتا ہوں۔ کل جو کچھ ہوا اسے اس حد تک نہیں جانا چاہئے تھا، ہماری حکومت اور انتظامیہ اس وقت کہاں تھی جسے معاملے کو فوری طور پر سنبھالنا چاہئے تھا۔ رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال بولے اگر ہم نے نئے الیکشن کی طرف جانا ہے تو ان ہاؤس تبدیلی کے ذریعے نیشنل حکومت ایک یا دو مہینے کے لیے بنائی جائے ، وہ حکومت الیکشن ریفارمز کرے اور صاف شفاف انتخابات کرائے۔ دوسری صورت عوامی دباؤ اور احتجاج ہے جو ملک کے لیے بہتر نہیں ہو گا۔ احسن اقبال نے مزید کہا شیخ رشید کو ایک بات ضرور کہنی پڑتی ہے۔ ہواؤں کا رخ جب بدلتا ہے تو نیب کو پتہ چلے نہ چلے شیخ رشید کو پتہ چل جاتا ہے۔ شیخ رشید ایک خطرے کو بھانپ رہے ہیں، انہیں پتہ چل گیا ہے کہ ان کی حکومت کے دن ختم ہونے والے ہیں ۔ شیخ رشید گھبرائے ہوئے ہیں، ان کا گھبرانا جائز بھی ہے، عوام کی جو درگت بنی ہے اس میں اس کی تشویش جائز ہے۔