Saturday, April 27, 2024

مسلم لیگ ن نے چینی اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے قائم کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی

مسلم لیگ ن نے چینی اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے قائم کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی
May 30, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) مسلم لیگ ن نے چینی اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے قائم کمیشن کی رپورٹ ناکافی قرار دیتے ہوئے مسترد کردی، لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں  اصل کرداروں سے توجہ ہٹانے کیلئے 347 صفحات پر مشتمل رپورٹ لکھی گئی۔ شوگر اسکینڈل کے اصل ذمہ دار عمران خان، عثمان بزدار،حفیظ شیخ اور اسد عمر ہیں۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی  نے کہا کہ  بیس ماہ قبل وزیراعظم عمران خان نے چینی برآمد کرنے کا فیصلہ کیا اس دن سے چینی کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے۔ چینی اسکینڈل پر قائم کمیشن کی رپورٹ منظر عام آنے سے لے کر اب تک چینی کی قیمت 20 فیصد بڑھ چکی ہے۔ حکومت اتنی معصوم ہے کہ 200 ارب روپے کا ڈاکہ ڈال کر خاموش بیٹھی ہے۔

شاہد خاقان عباسی  نے حکومت سے تین سوالات دریافت کئے، چینی برآمد کرنے کے فیصلہ کا ذمہ دار کون ہے؟، سبسڈی کس نے دی؟، اور تیسرا مانیٹرنگ کیوں نہیں کی گئی؟، بولے ! بحثیت وزیراعظم میں نے بھی چینی ایکسپورٹ کی اجازت دی تھی لیکن مانیٹرنگ سخت رکھی، ایک ایف آئی آر مجھ پر اور ایک عمران خان پر درج کی جائے۔

شاہد خاقان عباسی  کا کہنا تھا کہ حکومت کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کا کریڈٹ لے رہی ہے  حالانکہ لیگی دور حکومت میں ایکٹ بنایا گیا تھا کہ ہر کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے گا۔