Saturday, April 27, 2024

مسلم لیگ ن نے حکومت کیخلاف احتجاجی مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا

مسلم لیگ ن نے حکومت کیخلاف احتجاجی مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا
May 20, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) مسلم لیگ ن نے حکومت کیخلاف احتجاجی مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شرح سود بڑھانے سے مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوگا، نیب کی کارروائیاں احتساب نہیں،انتقام ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں مسلم لیگ ن کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں مریم نواز ، حمزہ شہباز  ، شاہد خاقان عباسی ، احسن اقبال ، راجہ ظفر الحق سمیت اعلیٰ قیادت نےشرکت کی ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاکہ  ہمارا کسی سے کوئی مطالبہ نہیں ، عوامی مسائل کے حل کے لیے اپوزیشن مشترکہ حکمت عملی اپنائے گی، اپوزیشن کا مقصد ملکی مسائل کاحل ہے ،احتجاج کیسا ہوگا،فیصلہ اے پی سی کرے گی ، اپوزیشن اقتدار اور ذاتی مفاد کےلیے اکٹھی نہیں ہو رہی ،ہمارا ہدف حکومتیں توڑنا اور اقتدار کاحصول نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ایک سچ بتا دیں جو وزیراعظم نے بولا ہو، سچ نہیں بول سکتے تو جھوٹ بھی نہ بولیں، معیشت کی خرابی کا تعلق ہم سے نہیں ہے ، حکومت کو منہ بند رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ  شہبازشریف بجٹ سیشن میں موجود ہوں گے ، نیب ملک کی معیشت کی تباہی کا سبب بن رہا ہے ،نیب کا عمل احتساب نہیں،انتقامی ہے ،چیئرمین نیب نے سیاست کرنی ہے تو سیاست میں آجائیں۔ رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کی شرائط عوام کے سامنے رکھی جائیں،عوام کو پتہ ہونا چاہیے کہ آئی ایم ایف سے کیا سودا ہوا ہے، آئی ایم ایف سے معاہدے میں شکوک وشبہات ہیں ، شرح سود بڑھانے سے مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔