Friday, March 29, 2024

مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کی طبیعت میں بہتری

مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کی طبیعت میں بہتری
November 8, 2020
لاہور (92 نیوز) صدر مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین سروسزاسپتال میں زیر علاج ہیں۔ میڈیکل بورڈ کے مطابق چودھری شجاعت کی طبیعت میں بہتری آئی ہے۔ پرنسپل سمز میڈیکل کالج پروفیسر محمد امجد نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ چودھری شجاعت کی طبعیت اب بہتر ہو رہی ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی سروسز اسپتال پہنچ گئے۔ صوبائی وزیر جیل خانہ جات وکالونیز فیاض الحسن چوہان سینئر سیاستدان کی خیریت دریافت کرنے اسپتال پہنچے اور ان کے عزیز واقارب سے ملاقات کی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ چودھری شجاعت ہمارے بزرگ اور ایک جہاندیدہ سیاستدان ہیں، دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر سیاست میں فعال کردار ادا کریں۔ بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد بھی سروسز اسپتال پہنچے اور سابق وزیراعظم کی خیریت دریافت کی۔ میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ چودھری شجاعت عظیم شخصیت ہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔ ادھر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کو ٹیلی فون کیا ۔ یوسف رضا گیلانی نے چودھری شجاعت حسین کی طبیعت دریافت کی ۔ یوسف رضا گیلانی نے چودھری شجاعت حسین کی جلد صحت یابی کیلئےدعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چودھری شجاعت کو علیل ہونے پر اسپتال لایا گیا تھا جہاں ان میں نمونیہ کی تشخیص ہوئی۔