Wednesday, April 24, 2024

مسلم لیگ ق نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے فنڈز نہ دینے کا شکوہ کر دیا

مسلم لیگ ق نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے فنڈز نہ دینے کا شکوہ کر دیا
December 5, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ ق نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے فنڈز نہ دینے کا شکوہ کر دیا۔

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی مسلم لیگ ق کے وفد سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں جہانگیر ترین، پرویز خٹک، قاسم سوری اور شہزاد ارباب شریک ہوئے۔ مسلم لیگ ق کی طرف سے چودھری مونس الہٰی اور طارق بشیر چیمہ شریک ہوئے۔

ملاقات میں آرمی ایکٹ میں ترمیم اور چیف الیکشن کمشنر کے نام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومتی مذاکراتی ٹیم نے وزیراعظم کی طرف سے دیے گئے ناموں پر اعتماد میں لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کی جانب سے شکوہ کیا گیا کہ ان سے کیے گئے وعدے پورے نہیں ہو رہے، ترقیاتی کام بھی نہیں ہو رہے، فنڈز جاری نہیں کیے جا رہے۔ اس کے باوجود حکومت کے اتحادی کے طور پر مکمل ساتھ دیا۔ مسلم لیگ ق نے مطالبہ کیا کہ وزارتوں میں مداخلت بند کروائی جائے۔

حکومتی وفد نے یقین دہانی کرائی کہ مسلم لیگ ق کے تمام تحفظات دور کریں گے، تمام وعدے پورے کیے جائیں گے ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت اور ق لیگ کے درمیان اگلی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب بھی شامل ہوں گے۔ مسلم لیگ ق کو وفاق میں ایک اور وزارت ملنے کا امکان ہے۔