Friday, April 19, 2024

مسلم لیگ فنکشنل کے وفد نے جیل میں شہباز کو پیر پگاڑا کا خصوصی پیغام پہنچایا

مسلم لیگ فنکشنل کے وفد نے جیل میں شہباز کو پیر پگاڑا کا خصوصی پیغام پہنچایا
December 24, 2020

لاہور (92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے وفد نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی اور پیر سید صبغت اللہ شاہ راشدی پیر پگاڑا کا خصوصی پیغام پہنچایا۔

درانی کوٹ لکھپت جیل پہنچے اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

محمد علی درانی نے شہباز شریف کو مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگاڑا کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔

محمدعلی درانی نے شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آج پیرپگارا کا پیغام لے کر قائد حزب اختلاف کے پاس آیا تھا، پاکستان کی قومی قیادت ملک کے اندر اتحاد دیکھنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیر پگاڑا نے چار ایشوز پر شہباز شریف کے پاس بھیجا، پہلا ایجنڈا یہ تھا کہ ملک کے اندر ڈائیلاگ ہو۔ دوسرا نقطہ کہ پارلیمنٹ کو دوبارہ سے اپنا کام شروع کرنا چاہئے، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی ملک کے لیے ضروری ہے۔

اُن کا کہنا تھا شہبازشریف نے کہا کہ اس وقت اپوزیشن کا اتحاد ہے اور وہ اتحاد چاہتے ہیں، پاکستان کا مفاد اس ٹکراؤ کو کسی بھی قیمت پر ختم کرنے میں ہے، پاکستان کا مفاد یکجہتی ہے۔ اپوزیشن کو احتساب کے نام پردیوار سے لگایا جاتا ہے تو وہ ملک کے مفاد میں نہیں۔ شہبازشریف کو رہا ہونا چاہئے۔

اُنہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے پوری قوت سے کام کررہا ہے، جیلوں میں بند کرکے تحریکوں کو نہیں روکا جا سکتا۔ انتقامی کارروائیاں کسی بھی مفاہمتی عمل کو نقصان پہنچائیں گی۔ نیا میثاق جمہوریت، میثاق برداشت، میثاق مفاہمت سائن ہونا چاہئے۔