Monday, May 13, 2024

مسلسل بارش نے لاہور کو ڈبودیا، لوگ گھروں تک محدود

مسلسل بارش نے لاہور کو ڈبودیا، لوگ گھروں تک محدود
September 4, 2020
لاہور (92 نیوز) مسلسل بارش نے جل تھل ایک کردیا، سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، پانی گھروں کے اندربھی داخل ہوگیا، نشیبی علاقے ڈوبنے سے لوگوں کا گھروں سے نکلنا بھی محال ہوگیا۔ رات سے ہونے والی مسلسل بارش نے صوبائی دارالحکومت لاہور کو ڈبو دیا، مال روڈ پر پنجاب اسمبلی سے ملحقہ سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔ والٹن روڈ ایک بارپھرندی کا منظرپیش کرنے لگا۔ پانی کے باعث پیدل اور موٹر سائیکل سواروں کو مشکل کا سامنا کرناپڑا، اڈہ پلاٹ کے علاقے میں سڑکیں ڈوبنے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سمن آباد میں بھی گلیاں پانی میں ڈوب گئیں، لگاتاربارش نے شمالی لاہور کے علاقے چائنہ اسکیم کو بدحال بنا دیا۔ سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی کھڑاہوگیا۔ پانی لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں بھی داخل ہوگیا، شہریوں کا کہنا تھا کہ سڑکیں پانی میں ڈوبنے سے آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پانی والاتالاب میں ایک سواکہتر،فرخ آباد میں ایک سوترپن،لکشمی چوک میں ایک سوباون اورتاجپورہ میں ایک سوچھتیس ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ واساکی ٹیمیں پانی کے نکاس کے لیے متحرک رہیں۔ بارش کے دوران یتیم خانہ کے علاقے ڈھولن وال میں کرنٹ لگنے سے دس سالہ بچہ، رائیونڈ کے علاقے میں امام مسجد اور سوڈیوال میں بیالیس سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔