Tuesday, April 23, 2024

مسلح افواج سے متعلق قانون سازی بارے حکومت نے حکمت عملی طے کرلی

مسلح افواج سے متعلق قانون سازی بارے حکومت نے حکمت عملی طے کرلی
January 4, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) مسلح افواج سے متعلق قانون سازی  پر حکومت نے حکمت عملی طے کرلی، پاک افواج سے متعلق قانون سازی منگل کومکمل ہونے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت اپوزیشن کے مطالبہ پر بلز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کو بھیجنے کو تیار ہے ، اپوزیشن نے بلز کی منظوری کےدوران حصہ نہ لیا تو حکومت باآسانی بلز منظور کرا لے گی۔ مسلح افواج سے متعلق قانون سازی کے معاملے پر  وفاقی حکومت نے اپوزیشن کا مطالبہ  مان لیا ، بلز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کو بھیجے جائیں گے ،  ذرائع  کے مطابق حکومت سوموار کو آرمی، ایئر، نیول ایکٹس ترامیم کی منظوری قومی اسمبلی سے لے گی۔ قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد تینوں بلز سینیٹ میں پیش کیے جائیں گے ، اپوزیشن نے تینوں بلز کو سینیٹ کی دفاع کمیٹی کو بھجوانے کی شرط رکھ دی ، اپوزیشن کے مطالبہ پر حکومت بلز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کو بھیجنے کو تیار ہوئی۔ پاک فوج سے متعلق قانون سازی پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا مؤقف سامنے آیا ہے ، اپنے ٹویٹ میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا پی ٹی آئی اورن لیگ آرمی ایکٹ کی غیرمشروط حمایت کرکےایوانوں سے منظوری کا فیصلہ کرچکی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں نے پارلیمانی قواعد و ضوابط کوبھی نظراندازکرنےپراتفاق کرلیا تھا،خوشی ہے تمام پارٹیاں بل کو قائمہ کمیٹی میں بھیجنے پر متفق ہوئیں ،ایک سال سے زائدعرصہ غیر فعال رکھی جانیوالی پارلیمان قانون سازی کیلئے تیار ہے۔