Thursday, May 2, 2024

مسعود اظہر کا نام پلوامہ سے جوڑنے کی کوشش ناکام بنا دی ، ترجمان دفتر خارجہ

مسعود اظہر کا نام پلوامہ سے جوڑنے کی کوشش ناکام بنا دی ، ترجمان دفتر خارجہ
May 1, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مسعود اظہر کا نام پلوامہ سے جوڑنے کی بھارتی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے پریس کانفرنس میں بتایا اقوام متحدہ 1267 کمیٹی نے مولانا مسعود اظہر کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ کمیٹی کے تمام تکنیکی معاملات کا احترام کیا ہے اور پاکستان نے کمیٹی کے سیاسی استعمال کی مخالفت کی ہے۔

 انہوں نے کہا پاکستان نے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کو دہشتگردی سے جوڑنے کی بھارتی کوشش کی مخالفت کی۔ بھارت نے اس معاملے پر کئی ایک کوششیں کیں۔ بھارتی میڈیا میں پروپیگنڈہ پر مبنی خبریں چلائی گئیں۔ بھارت نے پلوامہ اور دیگر واقعات کو بنیاد بنا کر حق خودارادیت کو دہشتگردی سے جوڑنے کی کوشش کی۔

 ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا پاکستان نے بھارت کی اس کوشش کو ناکام بنایا ہے۔ پاکستان دہشتگردی کیخلاف ہے۔ پاکستان میں کالعدم اور دہشتگرد تنظیموں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ بھارت مسعود اظہر کو پابندیوں کی فہرست میں شامل ہونے کو اپنی فتح قرار دے رہا ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا بھارت نے پانچ دفعہ پہلے بھی مسعود اظہر کو کشمیر سے جوڑنے کی کوشش کی لیکن پاکستان نے اس کوشش کی مخالفت کی۔ اسی وجہ سے ان کو پابندیوں کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ اب بھارت نے کشمیر سے متعلق الزام واپس لیا۔