Thursday, May 9, 2024

مسجد وزیرخان کے تقدس کی پامالی پر وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

مسجد وزیرخان کے تقدس کی پامالی پر وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس
August 9, 2020
لاہور (92 نیوز) ویڈیو شوٹنگ کی آڑ میں مسجد وزیرخان کے تقدس کی پامالی پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا۔ صوبائی وزیراوقاف اور سیکرٹری اوقاف سے رپورٹ طلب کر لی۔ ویڈیو شوٹنگ کی آڑ میں مسجد وزیرخان کا تقدس پامال کیا گیا۔ اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید مسجد کے احاطے میں رقص کرتے رہے۔ صبا قمر اور بلال سعید نے مسجد میں صرف تصاویر کی شوٹنگ کا دعویٰ کیا تو 92 نیوز بلال سعید اور صبا قمر کے مسجد میں رقص کے ناقابل تردید مناظر سامنے لے آیا۔ 92 نیوز کی خبر پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیراوقاف اور سیکرٹری اوقاف سے رپورٹ طلب کر لی۔ مسجد وزیرخان میں ویڈیو شوٹنگ کی  آڑ میں مسجد  کے تقدس کی پامالی پر دیگر علماء نے بھی سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ذمہ داروں کےخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سیکرٹری جنرل وفاق المدارس قاری حنیف جالندھری نے شوٹنگ کے معاملے کو ناقابل معافی جرم قرار دے دیا۔ علامہ راغب نعیمی نے کہا ہے کہ جس طریقے سے فوٹو شوٹ کیا گیا اس کی شریعت میں اجازت نہیں۔ علامہ ابتسام الہیٰ ظہیر نے بھی ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی نے واقعے کو افسوسناک قرار دیا اور ارباب اختیار سے نوٹس لینے کی استدعا کی۔ صدر پنجتن پاک مشائخ کونسل پیر سید شاہ حسین شاہ نے بھی واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔ مسجد وزیر خان میں شوٹنگ کرنے کےخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا بھی جمع کرادی گئی ہے جس میں ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔