Saturday, May 11, 2024

مسجد وزیرخان کا تقدس پامال کرنےکی انکوائری مکمل، ملازمین کیخلاف کارروائی کی سفارش

مسجد وزیرخان کا تقدس پامال کرنےکی انکوائری مکمل، ملازمین کیخلاف کارروائی کی سفارش
August 12, 2020
لاہور (92 نیوز) مسجد وزیرخان کا تقدس پامال کرنےکی انکوائری مکمل کرلی گئی، ملازمین کیخلاف کارروائی کی سفارش کردی گئی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فنکاروں اور دیگر افراد کیخلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جائیں، پیمرا کو مراسلہ بھیجا جائے تاکہ رقص کی ویڈیو کسی بھی ڈرامے یا گانے کا حصہ نہ بن سکے۔ مسجد وزیرخان کے تقدس کی پامالی، ڈائریکٹر فنانس اوقاف ملک عبد الوحید نے انکوائری رپورٹ جمع کرادی، ڈیوٹی میں غفلت پر منیجر، سینئر کلرک محمد ریاض، رینٹ کلرک عمران کو معطل کر کے انکوائری کروانے کی سفارش کردی گئی۔ تجویز دی گئی کہ مسجد میں فلمائے گئے ڈانس کی ویڈیو پر پابندی کیلئے پیمرا کو مراسلہ بھجوایا جائے تاکہ وہ مستقبل میں کسی ڈرامے یا گانے کا حصہ نہ بن سکے، آئندہ کسی بھی مسجد میں ایسی سرگرمی کی اجازت بھی نہ دی جائے۔ انکوائری آفیسر نے شارٹ فلم کے پروڈیوسر اور فنکاروں کیخلاف فوجداری کے تحت مقدمات درج کرانے کی بھی سفارش کر دی۔ مسجد وزیرخان کے تقدس کی پامالی اور رقص کو فلمانے کا معاملہ92نیوز نے سب سے پہلے اٹھایا تھا جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا تھا۔ علمائے کرام نے بھی مسجد کے تقدس کی پامالی پر سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سیکرٹری اوقاف نے انکوائری آفیسر کی رپورٹ پر عمل درآمد کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں اور امکان ہے کہ جلد ملازمین کیخلاف اقدامات شروع ہوجائیں گے۔