Thursday, March 28, 2024

مسجد وزیر خان کا تقدس پامال کرنیوالے ابھی تک آزاد ہیں ،چودھری برادران

مسجد وزیر خان کا تقدس پامال کرنیوالے ابھی تک آزاد ہیں ،چودھری برادران
August 9, 2020

لاہور ( 92 نیوز) چودھری برادران  کا کہنا ہے کہ مسجد وزیر خان کا تقدس پامال کرنیوالے ابھی تک آزاد ہیں، مسجدوزیرخان میں ناچ گانے کے تمام ذمہ داروں کو جلد گرفتار کیا جائے،تاکہ آئندہ کوئی ایسی ناپاک جسارت نہ کر سکے۔ ادھر ویڈیو شوٹنگ کی آڑمیں  لاہور کی مسجد وزیر خان کے تقدس کی پامالی کرنے پر کارروائی، محکمہ اوقاف پنجاب نے منیجر سرکل4 اشتیاق احمد کومعطل کردیاِ۔

فوٹوشوٹ کا اجازت نامہ لےکر مسجد وزیر خان میں رقص کرنے کا معاملہ، محکمہ اوقاف پنجاب نے منیجر سرکل 4 اشتیاق احمد کو معطل کر دیا،اشتیاق احمدکو کل ڈائریکٹر فنانس کو معاملہ پرتحریری وضاحت دینے کی ہدایت کر دی گئی  ۔ مراسلے کے مطابق نجی کمپنی کے لائن پروڈیوسر کو 5 شرائط کے ساتھ ریکارڈنگ کی اجازت دی گئی تھی تاہم سوشل میڈیا پروائرل ہونے والی ویڈیو رقص سے ثابت ہوتا ہے کہ شرائط کی خلاف ورزی کی گئی ۔

چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی  کا واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ افسوس صد افسوس کہ مسجد کا تقدس پامال کرنے والے ابھی تک آزاد ہیں ،سرعام ایسا کرنے اور اس کی اجازت دینے والوں کو ابھی تک پکڑ کر جیل میں کیوں نہیں ڈالا گیا ، مسجد میں ہونیوالے رقص کے تمام ذمہ داروں جلد از جلد گرفتار کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی ناپاک جسارت نہ کر سکے۔

چودھری برادران کا کہنا تھا کہ  واقعہ میں ملوث تمام افراد کو قرار واقعی اور مثالی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی قبیح حرکت کی جرات نہ کر سکے۔