Saturday, April 27, 2024

مستونگ کے علاقے قابو کوہ مہران میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، 9 دہشت گرد ہلاک

مستونگ کے علاقے قابو کوہ مہران میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، 9 دہشت گرد ہلاک
May 16, 2019
 مستونگ (92 نیوز) مستونگ کے علاقے قابو کوہ مہران میں سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن ہوا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 اہلکار زخمی ہو گئے۔ مستونگ کے علاقے قابو کوہ مہران میں سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا۔ اپنی کمین گاہ میں چھپے امن دشمنوں نے بھرپور مزاحمت کی جس کے باعث آپریشن کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں نو ملک دشمن ہلاک ہوگئے جبکہ چار سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ آپریشن مکمل ہونے پرسکیورٹی فورسز نے ٹھکانوں کو کلیئر کیا۔ کلیئرنس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے پہنچ کر لاشیں اسپتال منتقل کر دیں۔ آپریشن کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس دکھائی دیا۔ فورسز نے پورےعلاقے کی ناکہ بندی کر دی تھی۔ گوادر میں نجی ہوٹل پر امن دشمنوں کے ناکام حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن تیز کر دیا ہے۔