Friday, April 19, 2024

مستونگ: دہشت گردوں نے کوئٹہ سے کراچی جانے والی 2 بسوں کے 21مسافر قتل کر دیئے، بلوچستان میں 3روزہ سوگ کا اعلان

مستونگ: دہشت گردوں نے کوئٹہ سے کراچی جانے والی 2 بسوں کے 21مسافر قتل کر دیئے، بلوچستان میں 3روزہ سوگ کا اعلان
May 30, 2015
مستونگ (92نیوز) مستونگ میں دہشت گردوں نے 2بسوں کے 21مسافروں کو اغوا کے بعد قتل کر دیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے صوبے میں3روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسافروں کے اغوا اور قتل کا واقعہ ضلع مستونگ میں ہوا جہاں پندرہ سے بیس اغوا کاروں نے کوئٹہ سے کراچی جانے والی 2بسوں کو کھڈ کوچہ کے قریب رو ک لیا اور مسافروں کے شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد 25سے 30مسافروں کو غوا کر کے لے گئے اور اکیس مسافروں کو ہلاک کر دیا۔ اس دوران تین مسافر کسی طرح فرار ہو کر جان بچانے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جہاں ڈیڑھ گھنٹے تک ملزموں اور فورسز کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ڈی سی مستونگ کے مطابق اغواکاروں نے 35مسافروں کواغوا کیا۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ اغوا کار خودکار ہتھیاروں سے لیس تھے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے صوبے میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے آپریشن جاری ہے جس میں ہیلی کاپٹروں سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔