Tuesday, April 23, 2024

مستونگ ، جاں بحق نوابزادہ سراج رئیسانی کی نمازجنازہ شام چار بجکر30 منٹ پر ادا کی جائے گی

مستونگ ، جاں بحق نوابزادہ سراج رئیسانی کی نمازجنازہ شام چار بجکر30 منٹ پر ادا کی جائے گی
July 14, 2018
مستونگ (92 نیوز) مستونگ میں انتخابی قافلے پر حملے میں جاں بحق نوابزادہ سراج رئیسانی کی نمازجنازہ ایوب اسٹیڈیم میں شام چار بجکر30 منٹ پر ادا کی جائے گی۔ تدفین آبائی قبرستان کانک میں ہو گی۔ سانحہ مستونگ کے بعد ملک بھر کی فضا سوگوار ہے۔ دھماکے میں سراج رئیسانی سمیت ایک سو اٹھائیس افراد شہید اور دو سو سے زائد زخمی ہوئے۔ خودکش دھماکےکی ویڈیو میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی اور پی بی 35 سے صوبائی اُمیدوار سراج رئیسانی خطاب کیلئےاسٹیج پر آئے تو دہشتگرد نے دھماکے سے خود کو اڑا لیا۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے مستونگ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان میں جمہوری عمل کو سبوتاژکرنے کی دشمن قوتوں کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی ۔ ایک بارپھر دشمن پر واضح کیا کہ پاکستانی قوم بزدل دشمن سے ڈرنے والی نہیں ہے ۔ پاکستانی قوم متحد ہے اور دشمن قوتوں کو ہر محاذ پر شکست دیں گے۔ سراج رئیسانی نام ہے ایک محب وطن پاکستانی کا جس کی پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن کی خاطر جان قربان کرنے کی خواہش پوری ہو گئی۔ بلوچ رہنما سراج رئیسانی ایک محب وطن لیڈر تھے۔ سراج رئیسانی نے ہمیشہ اپنے وطن سے والہانہ محبت کا اظہار شاندار الفاظ میں کیا۔ ملک کے لئے قربانی دینے کے عزم سے بھی وہ سرشار تھے۔ چودہ اگست ہو یا تئیس مارچ سراج رئیسانی  پوری قوم کو مبارک باد دیتے۔ سراج رئیسانی دشمن کو دوٹوک اور واضح پیغام دیتے ہیں ۔ ان کی تصاویر کو غور سے دیکھا جائے تو اُن کے ہر عمل سے ملک سے محبت عیاں ہو تی ہے ۔ ثابت کردیا کہ محبت ہے تو صرف پاکستان سے ، جان قربان کریں گے تو صرف اپنے وطن کے لئے۔ سفاک دشمن نے سراج رئیسانی کو تو ابدی نیند سلا دیا لیکن وہ قوم میں اپنے ملک کے لئے پائے جانے والے جذبے کو کبھی نقصان نہیں پہنچایا سکتا ۔ سراج رئیسانی کی شہادت پر قوم کو اُن کو سلام پیش کرتی ہے۔