Thursday, April 18, 2024

مساجد میں کورونا بارے اعلامیے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، عاشق اعوان

مساجد میں کورونا بارے اعلامیے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، عاشق اعوان
April 26, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ مساجد میں کورونا بارے اعلامیے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے چینی اور آٹے پر کمیشن تشکیل دیا۔ فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کورونا سے بچاؤ کیلئے علما کو ہر اول دستے کے طور پر چنا ہے، مساجد کو کورونا کے پھیلاؤ کا ذریعہ نہیں بننے دینا۔ 20 نکاتی اعلامیے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈاکٹرز پر فخر ہے، کورونا کیخلاف جنگ  ڈاکٹر اور طبی عملے کے ذریعے ہی لڑنی اور جیتنی ہے، ہمیں ڈاکٹرز کی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، ڈاکٹرزکی سفارشات صوبائی حکومتیں اور ادارے کام کررہے ہیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ ڈاکٹرز مکمل لاک ڈاؤن پر جانے کا کہہ رہے ہیں، شہری بدقسمتی سے حساس مسئلے کی نوعیت کو نہیں سمجھ سکے، شہریوں کی حفاظت ہر حال میں یقینی بنانی ہے، احتیاط کریں اپنے لیے اور اپنے ارد گرد کے لوگوں کو محفوظ رکھنے کیلئے، بار بار اپیلوں کے باوجود شہری سماجی فاصلے برقرار نہیں رکھ رہے۔ فردوس عاشق نے کہا کہ ہر صبح اپوزیشن لیڈر نے بیان داغا ہے، فراغت کا شکار اپوزیشن لیڈر سیاسی طور پر آئسولیشن کا شکار ہیں، شہبازشریف کوئی ایسا گولہ داغ دیتے ہیں جس کا نشانہ وزیراعظم کی ذات ہوتی ہے، وزیراعظم نے چینی اور آٹے پر کمیشن تشکیل دیا، کمیشن نے رپورٹ پیش کرنے کیلئے 3 ہفتے کا وقت مانگا ہے، کمیشن کے وقت مانگنے کا فیصلہ کابینہ نے کرنا ہے۔ انہوں نے مزید  کہا کہ قوم کے سامنے عمران خان اور انکی حکومت سرخرو ہوگی، شہبازشریف نے شیخ رشید کے بیانات کو دل پر لے لیا ہےمریم نواز آپ کی جگہ شاہد خاقان عباسی کو صدر بنانا چاہتی ہیں تو ہمیں کوئی لینا دینا نہیں۔