Wednesday, April 24, 2024

مساجد میں نمازیوں کے درمیان 6 فٹ فاصلے پر نماز پڑھنے کی اجازت

مساجد میں نمازیوں کے درمیان 6 فٹ فاصلے پر نماز پڑھنے کی اجازت
April 18, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) مساجد میں نمازیوں کے درمیان چھ فٹ فاصلے پر نماز پڑھنے کی اجازت دیدی گئی، صدرمملکت اور علماء و مشائخ کی مشاورت کے بعد بیس نکاتی لائحہ عمل پر اتفاق رائے ہوگیا۔ صدرمملکت عارف علوی کا کہنا ہے نمازتراویح کا اہتمام مساجد کے احاطے میں ہوگا۔ وفاقی حکومت نے نماز تراویح کی مشروط اجازت دیدی۔ صدر مملکت کہتے ہیں اتفاق رائے سے ماہ رمضان کیلئے احتیاطی تدابیر کا لائحہ عمل طے ہوگیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ضروری تھا صورتحال پر علماء کے مشورے آجائیں، رمضان میں مساجد اور مدارس کیساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ عبادات کیساتھ حفظان صحت کے اصولوں کا بھی خیال رکھا جائے۔ لائحہ عمل پر عملدرآمد ہر فرد کی انفرادی ذمے داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مساجد اور امام بارگاہوں میں قالین اور دریاں نہیں بچھائی جائیں گی، صاف فرش پر نمازیں پڑھی جائیں گی، نماز کیلئے ہال کے بجائے صحن کو ترجیح دی جائے۔ نماز سے پہلے اور بعد میں مجمع لگانے سے گریز کیا جائے۔ صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ مسجد کے احاطے کے اندر نماز تراویح کا اہتمام کیا جائے، مسجدوں کے فرش پر کلورین ملے پانی سے دھویا جائے۔ مسجد انتظامیہ ان شرائط پر عملدرآمد کی ذمے دار ہوگی، ہر نمازی کے کھڑے ہونے کی جگہ پر نشان لگایا جائے، نمازی وضو گھر سے کر کے آئیں۔ موجودہ صورتحال میں بہتر ہوگا گھر میں ہی اعتکاف کریں، لازم ہے ماسک پہن کر مساجد اور امام بارگاہ میں تشریف لائیں۔