Friday, March 29, 2024

مسابقتی کمیشن پاکستان نے شوگر ملز پر44 ارب روپے جرمانہ عائد کردیا

مسابقتی کمیشن پاکستان نے شوگر ملز پر44 ارب روپے جرمانہ عائد کردیا
August 13, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) مسابقتی کمیشن پاکستان نے شوگر ملز پر44 ارب روپے جرمانہ عائد کردیا۔

جرمانہ پاکستان شوگرملز ایسوسی ایشن اور 81 شوگر ملز پر عائد کیا گیا، مسابقتی کمیشن کے مطابق شوگرملز کے خلاف یہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جرمانہ ہے، جرمانہ غیر مسابقتی سرگرمیوں کی وجہ سے عائد کیا گیا۔

مسابقتی کمیشن پاکستان کے 4 رکنی بینچ نے تحقیقات کے بعد فیصلہ جاری کیا، جرمانہ مسابقتی ایکٹ کی شق 4 کی خلاف ورزی پرعائد کیا گیا۔ شوگرملوں نے ملک میں چینی کے اسٹاک کا ازخود فیصلہ کیا، شوگر ملز کو جرمانے کی رقم ادا کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

آل پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے مسابقتی کمیشن کے فیصلے کو مسترد کردیا، کہا کہ فیصلہ اکثریت کا اور نہ ہی متفقہ،، 2ممبران نے پاکستان شوگرملز ایسوسی ایشن کے حق میں اور دو نے خلاف فیصلہ دیا
دو ممبران نے لکھا موجودہ معلومات ناکافی ہیں، کسی پارٹی پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوتا۔

کمیشن کی چیئرپرسن نے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اپنا ایک اضافی ووٹ کاسٹ کیا، اضافی ووٹ معاملات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اور قانونی طور پر بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔

پاکستان شوگرملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ چیئرپرسن نے جس قانون کا سہارا لیا وہ محض انتظامی میٹنگز کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ قانونی چارہ جوئی کے دوران مسابقتی کمیشن ایکٹ کے سیکشن 30 کے تحت استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ اگر سیکشن 24 کا اطلاق کیا جائے تو اس کے مطابق ہر میٹنگ میں 3 ممبران کی موجودگی لازم ہے۔

کمیشن کی کچھ میٹنگز صرف 2 ممبران کی موجودگی میں بھی کی گئیں جو پوری کارروائی کو کالعدم اور غیرقانونی قرار دے سکتی ہے۔ ثابت ہوا چیئرپرسن بھی اس کارروائی کے اسٹیٹس سے آگاہ نہیں تھیں۔ چیئرپرسن کو علم نہیں تھا کہ ووٹ کاسٹ کر سکتی ہیں یا نہیں، پھر بھی اس کا غیرقانونی استعمال کیا۔