Saturday, April 20, 2024

مسئلہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر سلامتی کونسل کا بند کمرے میں اجلاس

مسئلہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر سلامتی کونسل کا بند کمرے میں اجلاس
August 5, 2020
 نیو یارک (92 نیوز) مسئلہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر سلامتی کونسل کا بند کمرے میں اجلاس ہوا جس میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین نے تفصیلی بریفنگ دی۔ مظلوم کشمیریوں پر بھارتی بربریت عیاں کرنے کیلئے پاکستان کی کاوشیں جاری ہیں۔ پاکستان کو سفارتی محاذ پر ایک اور بڑی کامیابی مل گئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ٹویٹ میں کہنا تھا آج دنیا نے دیکھا، مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ محاصرے کا ایک سال مکمل ہو گیا۔ پاکستان اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے اجلاس کا خیرمقدم کرتا ہے۔ یہ عالمی برادری، کونسل ارکان کا فوجی محاصرے کا شکار مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔ ایک سال میں اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی کا تیسرا اجلاس ہے۔ بھارت کا جموں و کشمیر کو داخلی معاملہ قرار دینے کا دعویٰ غلط ثابت ہو گیا۔ ثابت ہو گیا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ قراردادیں مستند ہیں۔ ثابت ہوا بذریعہ غیر جانبدارانہ استصواب رائے، خودارادیت کشمیریوں کا حق ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا ہندوستان نے غیرقانونی اقدامات سے کشمیر کی عالمی متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ بھارت نے 5 اگست 2019ء کے اقدامات سے جغرافیائی ہیت، آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ لابنگ کے باوجود آج کا سلامتی کونسل مذاکرہ بھارتی ناکامی ہے۔ عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر میں امن، سلامتی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش ہے۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کیخلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم عالمی برادری کیلئے شدید تشویش کا باعث ہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے تمام ارکان، خصوصاً چین کا شکر گزار ہے۔ چین اور سلامتی کونسل ارکان نے آج کے اجلاس کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔