Tuesday, April 16, 2024

مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں ، شاہ محمود قریشی ‏

مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں ، شاہ محمود قریشی ‏
April 10, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں، ، خطے میں کشیدگی بڑھنے سے علاقائی امن کو خطرات لاحق ہیں۔

شاہ محمود قریشی  نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کو سکیورٹی سے متعلق چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان پرامن ملک ہے، اپنے ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تصفیہ طلب امور کے حل سے پاکستان اور بھارت  غربت اور جہالت پر قابو پاسکتے ہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہیے،خطے میں امن کے لیے میزائل ٹیکنالوجی اور جوہری اسلحہ  پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، پاکستان ذمہ دار ملک ہے، ایٹمی عدم پھیلاؤ پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک سے بہتر تعلقات کے لیے دو قدم آگے رہا،پاکستان نے ہمیشہ  بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جذبہ خیر سگالی دکھائی، صبروتحمل اور ذمہ داری سے استحکام حاصل کیا جاسکتا ہے، خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، جدوجہد آزادی کشمیر میں نئی قوت آئی ہے،مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں۔