Sunday, September 8, 2024

مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں سے کچھ نہیں ملے گا : چودھری شجاعت

مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں سے کچھ نہیں ملے گا : چودھری شجاعت
July 17, 2016
لاہور (92نیوز) مسلم لیگ قائداعظم کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں سے ہٹ کر نکالنے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جن قراردادوں کی سیاہی مٹ گئی ان کے پیچھے پڑے رہنے سے کچھ نہیں ملے گا۔ پاکستان اور بھارت کو غیرمقبول فیصلے کرنے ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کئی دہائیوں سے ہم لوگ مسئلہ کشمیر پر روایتی جملوں سے ہی کام لے رہے ہیں۔ بھارت ظلم کر رہا ہے اور کشمیری مزاحمت۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لابنگ کیلئے اپنے وزراءکو بیرون ملک بھیجے۔ کشمیر کمیٹی سوئی ہوئی ہے اور چیئرمین مولانا فضل الرحمان خراٹے لے رہے ہیں۔ ق لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ترکی میں عوام سڑکوں پر نکلے کیونکہ وہاں کی حکومت نے ملک و قوم کو خوشحال کیا۔ اگر نوازحکومت کیخلاف کچھ ہوا تو تاریخ خود کو دہرائے گی۔ حکومت اپنی کارکردگی پر نہیں اپوزیشن کی نااہلیوں کی وجہ سے چل رہی ہے۔ اپوزیشن کا ہر رہنما وزیر اعظم بنا ہوا ہے۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ کھٹائی میں پڑ چکا اب کچھ نہیں ہوگا۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع فوجی معاملہ ہے جس میں مداخلت نہیں کرتے۔