Friday, May 17, 2024

مسئلہ کشمیر دو نیوکلیئر پاورز کے درمیان فلیش پوائنٹ ہے، فردوس عاشق

مسئلہ کشمیر دو نیوکلیئر پاورز کے درمیان فلیش پوائنٹ ہے، فردوس عاشق
February 4, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) مسئلہ کشمیر دو نیوکلیئرپاورز کے درمیان فلیش پوائنٹ ہے، معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ اعوان بھارت کو روکنے کے لیے ہم ہر حد تک جائیں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت کشمیر میں جو کچھ کررہا ہے پاکستان اس کی اجازت نہیں دے سکتا، کشمیر میں قید حریت قیادت سمجھتی ہے پاکستان ہر فورم پر ان کے لیے آواز اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی تحریکوں کا ایک دم سے پھل نہیں مل جاتا، اس کیلئے طویل جدوجہد کی ضرورت ہوتی ہے، کشمیریوں کے حوصلے میں کوئی کمی نہیں آئی، پاکستان ان کے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر دنیا بھر میں اجاگرہوا، مہاتیر محمد کوخراج تحسین پیش کرتی ہوں انہوں نے امہ کے لیے اپنا کاز قربان کیا، مہاتیرمحمد کا پاکستان پر بھی قرضہ ہے اور کشمیریوں پر بھی قرضہ ہے۔ ملائیشیا نے جو تاریخ کشمیریوں کیلئے لکھی ہے اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، پاکستان ملائیشیا کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کوئی نیا اتحاد بنانے نہیں جارہا، پاکستان اوآئی سی کے ممالک کو یکجا کرنے جارہا ہے، پاکستان غلط فہمیاں دور کرکے اسے مسلم امہ کی طاقت بڑھانا چاہ رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کے کردار پر معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان بولیں کہ اپنی قراردادوں پر عمل کرانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری اور فرض ہے، اقوام متحدہ کیلئے کشمیریوں سے کیے وعدوں کو پورا کرنے کا وقت آگیا ہے، جنگ کبھی بھی پاکستان کا آپشن نہیں رہا، دو ایٹمی طاقتیں سوائے تباہی کے اور کچھ نہیں لاسکتیں، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ آرمی چیف بھی واضح پیغام دے چکے ہیں کہ آخری گولی اور آخری سپاہی تک کشمیر کیلئے لڑیں گے۔ کشمیر کے معاملے پر ہم اپنے موقف سے ایک قدم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کیلئے ہر سطح تک جائیں گے۔ ہرشعبے سے وابستہ خواتین کل صبح ساڑھے 10 بجے دفترخارجہ پہنچیں۔