Tuesday, May 21, 2024

مسئلہ کشمیر حل ہوتے دیکھ رہے ہیں ، ڈی جی آئی ایس پی آر

مسئلہ کشمیر حل ہوتے دیکھ رہے ہیں ، ڈی جی آئی ایس پی آر
February 22, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا مسئلہ کشمیر حل ہوتے دیکھ رہے ہیں۔ کشمیر کے معاملے پر قومی قیادت فوج کے پیچھے کھڑی ہے۔ ترجمان پاک افواج میجر جنرل آصف غفور نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار ریاست ہیں ،پتہ ہے جنگ سے کتنا نقصان ہوتا ہے۔ پاکستان میں کسی تنظیم نے پلوامہ حملے کی ذمہ داری نہیں لی۔ کنٹرول لائن کے پار تو چڑیا بھی نہیں جا سکتی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا اگر بھارت مذاکرات نہیں کرے گا تو بات آگے نہیں بڑھے گی۔ کل کشمیر میں پھر کوئی واقعہ ہو گا تو الزام پاکستان پر لگایا جائے گا۔ کشمیری کہتے ہیں ازادی ان کے ڈی این اے کا حصہ ہے۔ عادل ڈار کے جنازے میں 60 ہزار کشمیریوں نے شرکت کی ۔ میجر جنرل آصف غفورنے کہا وہ ذاتی طور پر مسئلہ کشمیر کو حل کی طرف بڑھتا دیکھ رہے ہیں۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا جنگ میں بھی رابطے نہیں ٹوٹتے۔ یہ کوئی ساس بہو کا رشتہ نہیں ، عالمی تعلقات ہوتے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں بھی پاک بھارت ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا ہفتہ وار ہاٹ لائن رابطہ ہوتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا بھارت نے ہمیں متحد کردیا ، بعض معاملات میں نقطہ نظر میں تقسیم ہو سکتی ہے مگر دفاع اور کشمیر پر سب اکٹھے ہیں۔ پیپلزپارٹی، ن لیگ سمیت سب سیاسی جماعتوں نے موجودہ حالات فوج کے ساتھ کھڑا ہونے کا بیان دیا۔ پوری منتخب قیادت فوج کے پیچھے کھڑی ہے ۔