Thursday, April 18, 2024

مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں ، شاہ محمود قریشی

مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں ، شاہ محمود قریشی
August 12, 2019
مظفر آباد ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مظفر آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے  میں کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں ، عالمی سطح  پر کشمیر کے مسئلے کو متنازعہ  تسلیم کر لیا گیا ہے ،  کشمیریوں کی جدو جہد اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے ۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ  پاکستانی کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں ،  کشمیر کا مقدمہ لڑنے کیلئے چین کی حمایت حاصل کی ہے ،  کشمیریوں کی آواز سے کشمیر کے مقدمے کو طاقت ملے گی، مقدمہ سلامتی کونسل میں پیش کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مظفر آباد میں نماز عید ادا کی ،  عید گاہ میں گفتگو کرتے ہوئے  شاہ محمود قریشی نے کہا  پاکستان کا ہر شہری کشمیر کے تنازع پر یک زبان ہے، مسئلہ کشمیر پر یکسوئی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ نماز عید کے بعد شاہ محمود قریشی نے کشمیریوں کے حق میں نکالی گئی ریلی میں بھی شرکت کی  اور ریلی کے شرکا  سے خطاب بھی کیا۔ ریلی میں شرکت کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  مہاجر کیمپ پہنچے اور اپنے خطاب میں کہا  ہر تاریک رات کے بعد اجالا آتا ہے،کشمیر یوں کی قربانیوں کی داستان سات دہائیوں پر محیط ہے، مسئلہ کشمیر پچھلی تین دہائیوں سے کبھی ٹریڈ کی نذر ہوتا رہا،کشمیر میں آنکھ کھولنے والا کوئی بھی آج بھارت کے ساتھ نہیں ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا آزادی کی اس جنگ میں کشمیریوں کو  ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا،حکومت پاکستان نے کشمیریوں کا مقدمہ سلامتی کونسل میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تاریخ ثابت کرے گی کہ بھارت نے تاریخی حماقت کی ہے اور خود بھارتی سیاستدان یہ کہہ رہے ہیں کہ بھارت نے سنگین غلطی کی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ  14 اگست کو اسلام آباد میں ریلی کا انعقاد کیا جا رہاہے ،  بھارت کیساتھ تمام معاہدوں پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ہم جذباتی نہیں بلکہ ملک کے مفاد میں فیصلے کریں گے ۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا دیکھ رہی ہے۔