Sunday, September 8, 2024

مسئلہ کشمیر ابھی حل طلب ہے اس لئے جموں و کشمیر اسمبلی کے سپیکر کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت نہیں دی: ایاز صادق

مسئلہ کشمیر ابھی حل طلب ہے اس لئے جموں و کشمیر اسمبلی کے سپیکر کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت نہیں دی: ایاز صادق
August 10, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دولت مشترکہ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کے 53 رکن ممالک کی 177 برانچز کوکانفرنس میں شرکت کے دعوت نامے بھیجے ہیں۔کشمیر پر پاکستانی موقف کے مطابق جموں و کشمیر برانچ کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت نہیں دی جس پر بھارت نے کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلمینٹری سٹڈیز میں نیشنل اسمبلی اسٹریٹجک پلان 2014ءتا 2018ءکے اجرا کے موقعہ پر صحافیوں سے گفتگو میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ دولت مشترکہ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کے اجلاس مین جموں وکشمیر برانچ کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی کیونکہ پاکستان کا موقف ہے کہ جموں وکشمیر متنازعہ علاقہ ہے، یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردا کے مطابق حل طلب ہے جس پر بھارت نے اس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا بنگلہ دیشی سپیکر نے بھی رابطہ کرکے جموں و کشمیر کو دعوت دینے کا کہا ہے لیکن ہم نے واضح کردیا ہے کہ اقوام متحدہ کے فیصلے تک جموں و کشمیر کو مدعو نہیں کرسکتے۔ سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ کانفرنس پاکستان میں ہو یا نہ ہو مسئلہ کشمیر اجاگر کرتے رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 177 برانچز کے کل 407 مندوبین نے اس کانفرنس میں شرکت کنفرم کر دی ہے۔ سپیکر ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ اسمبلی کا ماحول خوشگوار رکھنے کےلئے ہاو¿س بزنس ایڈوائری کمیٹی کا اجلاس بلوایا ہے۔ قومی اسمبلی کے ماحول کو خوشگوار رکھنا صرف صرف میری زمہ داری نہیں تمام اراکین کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔مجھ پر پہلے ہی الزام لگایا جاتا ہے کہ اپوزیشن کو زیادہ بولنے کا وقت دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایوان کے باہر جو کہتی ہے وہ ایوان میں نہیں کہتی ،اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ایوان کے اندر کی گئی بات اہمیت رکھتی ہے، نیشنل اسمبلی اسٹریٹجک پلان 2014ءتا 2018ءکے اجرا کی تقریب مین پارلیمنٹرینز اور سفارت کاروں سمیت یورپی یونین کے قائم مقام سفیر نے بھی شرکت کی۔