Monday, September 16, 2024

مزار قائد اور مینار پاکستان پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ

مزار قائد اور مینار پاکستان پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ
March 23, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستانیوں کا جذبہ آسمان چھونے لگا۔ کراچی میں مزار قائد اور لاہورمیں مینار پاکستان پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ ہرطرف رنگ برنگی روشنیاں پھیل گئیں۔

تئیس مارچ ملی جذبوں کے اظہار کا دن، وطن سے محبت کے اقرار کا دن، یوم پاکستان کے حوالے سے شہری آج خاصے پر جوش ہیں اور وطن سے محبت میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے کراچی میں مزار قائد پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ مزار قائد کو سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگا گیا۔ میئر کراچی وسیم اختر سمیت کئی سیاسی رہنما بھی تقریب میں موجود تھے

ادھرلاہورمیں مینارپاکستان پر شہری اسی دن کی خوشیاں منانے کیلئے جمع ہوئے اورشاندارآتش بازی کا نظارہ کیا۔ مینار پاکستان اور اطراف میں ہر طرف رنگ ونور کی بہار آگئی۔

شہریوں کی بڑی تعداد نے آزادی فلائی اوور پر کھڑے ہو کر یادگار لمحات کو دیکھا۔ منچلوں نے خوب ہلہ گلہ کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

شہری یوم پاکستان پرخوشی سے پھولے نہیں سما رہے اور ان کا جذبہ لائق تحسین ہے۔