Thursday, April 25, 2024

مزاح کے بے تاج بادشاہ اداکار رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے گیارہ برس بیت گئے

مزاح کے بے تاج بادشاہ اداکار رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے گیارہ برس بیت گئے
May 24, 2016
لاہور(92نیوز)اداکار، فلم ساز، ہدایتکار اور گلوکار کی حیثیت سے چار دہائیوں تک پاکستانی فلموں میں اپنے فن کے جوہر دکھانے والے سعید خان نے فلم کی میدان میں رنگیلا کے نام سے شہرت حاصل کی۔ مزاح کے بے تاج بادشاہ کو اپنے مداحوں سے بچھڑے آج گیارہ برس بیت گئے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان کے شہر پارا چنار میں پیدا ہونے والے رنگیلا نے زندگی کے ابتدائی دنوں میں پہلوانی، باڈی بلڈنگ، بیرے اور پینٹر کا کام کیا۔ اداکار رنگیلا کی پہلی فلم جٹی تھی جس میں انہوں نے فی البدیہہ ڈائیلاگ بولتے ہوئے نہ صرف فلم انڈسٹری میں اپنا مقام بنایا بلکہ فلم بینوں کے دلوں میں بھی گھر کر لیا۔ اداکارہ رنگیلا نہ صرف اپنے مکالموں بلکہ منفرد حرکتوں کی وجہ سے اپنے پرستاروں کو ہنسنے پر مجبور کر دیتے تھے۔ کامیڈی کے میدان میں ایک اکیڈمی کا درجہ رکھنے والے اس عظیم فنکار نے تین سو فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے بحیثیت فلمساز انڈسٹری کو مشہور فلمیں بھی دیں جن میں دیا اور طوفان، رنگیلا، دل اور دنیا، میری محبت تیرے حوالے اور سوناچاندی سمیت دیگر شامل ہیں۔اداکار رنگیلا کو چالیس سالہ فنی کیریئر کے دوران پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت دس نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔