Friday, April 26, 2024

نیب نے مریم نواز اور یوسف عباس کو گرفتار کر لیا

نیب نے مریم نواز اور یوسف عباس کو گرفتار کر لیا
August 9, 2019

لاہور (92 نیوز) نیب لاہور نے مریم نواز اور یوسف عباس کو گرفتار کر لیا ۔ نیب کی جانب سے  آج سہ پہر تین بجے مریم نواز اور یوسف عباس کو  طلب کیا گیا تھا ، ترجمان ن لیگ کے مطابق مریم نواز نے آج پیش نہیں ہونا تھا ، انہوں نے اپنے والد سے ملاقات کیلئے جیل جانا تھا۔

نیب کی ٹیم نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز  کو کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے گرفتار کیا جہاں وہ اپنے والد سے ملاقات کیلئے موجود تھیں ۔

نیب کے مطابق مریم نواز کو خاتون  آفیسر نہ ہونے کے باعث آج رات نیب آفس میں نہیں رکھا جائیگا، انکا کل باقاعدہ جوڈیشل ریمانڈ لیا جائیگا۔

مریم نواز کی گرفتاری پر جیل پہنچنے والے مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے جیل کے باہردھرنا دے دیا۔ نیب لاہور کی ٹیم مریم نواز کو جیل سے لے کرنیب آفس پہنچی جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

 امن وامان کے لئے پولیس کی اضافی نفری اور اینٹی رائٹس فورس کے دستے نیب آفس تعینات کردیئے گئے۔

 نیب کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے مریم نواز اور یوسف عباس شریف کا معائنہ کیا اور انہیں مکمل فٹ قرار دے دیا۔

 مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے نیب آفس کے باہر میڈیا سے بات چیت میں کہا مریم نوازنے والد سے ملنے کے بعد نیب  آفس پہنچنا تھا۔ انہوں نے مریم نواز کی گرفتاری کے دن کو یوم سیاہ قرار دیا۔

 مسلم لیگ ن کے کارکن نیب آف پہنچے اور مریم نواز کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔ ملزمان کو جمعہ کو احتساب عدالت میں ریمانڈ کیلئے پیش کیا جائے گا۔

 ادھر مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے کے لئے 2 ملزمان نے نیب کو درخواست دے دی۔ کل آفتاب احمد اور شاہد شفیق کو چیئرمین نیب کے سامنے پیش کرنے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔