Saturday, April 27, 2024

مریم نواز گروپ کا مولانا کے مارچ میں شرکت کا واضح پیغام

مریم نواز گروپ کا مولانا کے مارچ میں شرکت کا واضح پیغام
October 3, 2019
لاہور (روزنامہ 92 نیوز) ن لیگ کے اندر مریم نواز گروپ نے شہباز شریف کے فیصلوں کے خلاف مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ۔ مریم نواز گروپ نے مولانا کو مارچ میں شرکت کاواضح پیغام دیدیا جس کی وجہ سے ن لیگ میں نئی محاذ آرائی شروع ہوگئی  ،  با وثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے مجلس عاملہ کے اجلاس کے فیصلوں پر مریم نواز اور اس کے حامیوں نے نہ صرف سخت ناراضی کا اظہار کیا بلکہ واضح طور پر کہا ہے کہ وہ مجلس عاملہ کے فیصلوں کی بجائے مریم نواز اور نوازشریف کے احکامات پر عمل کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف اور مریم نواز نے واضح طور پر کہا ہوا ہے کہ مولانا فضل الرحمان چاہے دھرنا دیں یا لاک ڈائون کریں ہر صور ت میں ان کا ساتھ دینا ہے  ، با وثوق ذرائع کے مطابق اس ضمن میں باقائدہ مریم نواز گروپ کی سوشل میڈیا پر اس حوالے سے کمپین بھی شروع ہو گئی اور ان کے سوشل میڈیا کے ذریعے کارکنوں کو دھرنے میں شرکت کی تیاری اور شہباز شریف اور دیگر رہنما جو دھرنے اور لاک ڈاؤن کے حوالے سے تحفظات رکھتے ہیں ان کے خلاف بھی مریم نواز کے سوشل میڈیا اور قریبی ساتھیوں نے پراپیگنڈہ شروع کر دیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اقدامات پر شہباز شریف اور دیگر رہنما نہ صرف سخت نالاں ہیں بلکہ انہوں نے اس کا اظہار بھی شروع کر دیا ہے ۔ مریم نواز  کی طرف سے واضح طور پر کہہ دیا گیا ہے کہ تاریخ وہی ہو گی جو مولانا فضل الرحمان اعلان کریں گے اور جس طرح مولانا فضل الرحمان چاہیں گے اسی طرح ہم شرکت کریں گے ۔اگر اس کی کوئی مخالفت کرے گا تو کارکن اس دھرنے میں شرکت کر کے اس کو زیرو کر دیں گے ۔