Wednesday, April 24, 2024

مریم نواز کے 92 نیوز سمیت 4 ٹی وی چینلز کے اشتہار روکنے کے اعتراف پر تحقیقاتی کمیٹی قائم

مریم نواز کے 92 نیوز سمیت 4 ٹی وی چینلز کے اشتہار روکنے کے اعتراف پر تحقیقاتی کمیٹی قائم
November 25, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) مریم نواز کی طرف سے 92 نیوز سمیت 4 ٹی وی چینلز کے اشتہار روکے جانے کی تحقیقات ہوں گی۔ خصوصی کمیٹی ن لیگ کے دور میں میڈیا گروپس، صحافیوں کو نوازے جانے کے تمام معاملات کی جانچ کرے گی۔

مریم نواز کے اعتراف نے پاکستانی سیاست میں نئی ہلچل مچا دی، نائب صدر ن لیگ نے بھری پریس کانفرنس میں اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں 92 نیوز سمیت 4 نیوز چینلز کے اشتہار روکنے کے احکامات جاری کئے۔

مریم نواز کے سرعام اعتراف کے بعد وزارت اطلاعات و نشریات نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی، کمیٹی ن لیگ کے دور میں میڈیا اشتہارات میں بے ضابطگیوں اورصحافیوں، میڈیا گروپس کو نوازنے کی رپورٹ مرتب کرے گی۔

ن لیگ کے دور میں مریم نواز کا میڈیا سیل انتہائی متحرک تھا، ذرائع کے مطابق اشتہارات کی مد میں قومی خزانے سے 9 ارب 62 کروڑ 54 لاکھ روپے خرچ کئے گئے، جبکہ یہی میڈیا سیل صرف وفاق ہی نہیں پنجاب میں بھی تمام اشتہارات کو کنٹرول کرتا تھا۔

تحریک انصاف کی رہنماء عالیہ حمزہ نے بھی مریم نواز کے اشتہارات سے متعلق بیان کی تحقیقات کا مطالبہ کیا، انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر اطلاعات کولکھے خط میں کہا، مریم صفدر کس حیثیت میں قومی خزانے سے چینلز کو اشتہارات دیتیں تھیں؟، اعلیٰ عدلیہ کو بھی اس معاملہ کا از خود نوٹس لینا چاہیے۔