Friday, May 17, 2024

مریم نواز کی عبوری ضمانت ، ن لیگ میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے، ذرائع

مریم نواز کی عبوری ضمانت ، ن لیگ میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے، ذرائع
March 24, 2021

لاہور (92 نیوز) مریم نواز کی ضمانت قبل از گرفتاری کے معاملے پر ن لیگ میں اختلاف کھل کر سامنے آگئے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کے سینئر رہنما مریم کی ضمانت پر حیران و پریشان ہیں۔

مریم کی عبوری ضمانت کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے اندر بھی اختلافات کا لاوہ پکنے لگا۔ لیگی ذرائع کے مطابق ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے حمزہ شہباز سے بھی مشاورت نہیں کی گئی۔ حمزہ شہباز 26 مارچ کی تیاریوں میں مصروف تھے، انھیں اچانک ضمانت کا پتہ چلا۔

لیگی رہنماؤں نے نام نہ آنے کی شرط پر بتایا کہ پارٹی اجلاس میں طے ہوا تھا کہ ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کراوئی جائے گی۔ رینجرز کی تعیناتی اور نیب کو ریڈ زون قرار دئیے جانے کے بعد مریم نے ڈر کر ضمانت کا فیصلہ کیا۔

 ذرائع کے مطابق لیگی رہنماؤں نے قیادت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ضمانت کے فیصلے سے کارکنان میں بددلی پھیلی۔ اب 26 مارچ کو پیشی پر کارکنان کو بلانے کا کیا فائدہ؟ ضمانت قبل از گرفتاری کروا کر سیاسی طور پر نقصان ہوا ہے۔ لیگی رہنماؤں نے پارٹی کو مشورہ دیا ہے کہ کارکنوں کی انرجی غیر ضروری احتجاج میں ضائع نہ کی جائے۔

دوسری جانب مریم نواز کی ضمانت منظور ہونے کے بعد ماڈل ٹاؤن میں ہونے والا مشاورتی اجلاس منسوخ کر دیا گیا۔

حمزہ شہباز کی صدارت میں 26 مارچ کو مریم نواز کی نیب پیشی کے حوالے سے مشاورتی اجلاس ہونا تھا۔