Friday, April 26, 2024

مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب کا سپریم کورٹ سے رجوع

مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب کا سپریم کورٹ سے رجوع
December 6, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) نیب نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ نیب نے لیگی رہنما مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ چودھری شوگر ملز کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کر دیا۔ نیب نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست میں موقف اپنایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے سپریم کورٹ کے احکامات کے برخلاف فیصلہ دیا۔ ہائیکورٹ نے ضمانت کے کیس میں شواہد پر آبزرویشنز دی جس سے ٹرائل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ قومی احتساب بیورو نے عدالت سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر دی اور کہا کہ مریم نواز 2008 میں چوہدری شوگر ملز کی 47 فیصد شیئرز کے ساتھ سب سے بڑی شیئر ہولڈر رہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد بہت سے قانونی سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔ ہائی کورٹ نے تحریری فیصلے میں قرار دیا تھا کہ عدالت قانونی نکات کو مدنظر رکھتے اپنی آنکھیں نہیں موند سکتی۔ مریم نواز کے اکاؤنٹ سے نکلوائے گئے 7 کروڑ روپے کے الزام میں استغاثہ کے موقف کو تقویت نہیں ملتی۔ استغاثہ کا مدعا نہیں تھا کہ یہ رقم غیر قانونی طور پر آئی۔ پراسکیوشن کی جانب سے نصیر عبداللہ لوتھا کا پیش کیا گیا بیان وزارت خارجہ سے تصدیق شدہ نہیں تھا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو قلمبند کروائے گئے نصیر عبداللہ لوتھا کے بیان کے دوران ملزم کا موقف نہیں جانا گیا۔