Tuesday, April 23, 2024

مریم نواز کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ ، عدالت فیصلہ کل سنائے گی

مریم نواز کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ ، عدالت فیصلہ کل سنائے گی
October 31, 2019
لاہور (92 نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عدالت فیصلہ کل سنائے گی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی رہائی کے لئے درخواست پر سماعت کی۔ ۔ نیب کے وکیل جہانزیب بھروانہ نے درخواست کی اور تفصیلی دلائل دئیے۔ نیب کے وکیل نے نشاندہی کی کہ چئیرمین نیب نے قانون کے مطابق مریم نواز کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے۔ نیب کے وکیل نے نقطہ اٹھایا کہ چودھری شوگر ملز کے ذریعے مریم نواز کو ایسی مشکوک ٹرانزیکشنز ہوئیں ہیں جو انکے جائز ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔ نیب کے وکیل نے یہ بھی بتایا کہ نیب نے اپنے اختیارات سے تجاوز نہیں کیا ، اسے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا مکمل اختیار ہے جبکہ سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن کا دائرہ اختیار اس معاملے میں محدود ہے۔ نیب کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔ مریم نواز کل تک اپنے والد کے ساتھ ہی تھی اس لئے یہ درخواست قابل پذیرائی نہیں۔ نیب کے وکیل جہانزیب بھروانہ نے خاتون ہونے کی بنیاد پر مریم نواز کی رہائی کی مخالفت کر دی۔