Friday, May 17, 2024

مریم نواز کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست وفاقی حکومت کی نظرثانی کمیٹی کو ارسال

مریم نواز کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست وفاقی حکومت کی نظرثانی کمیٹی کو ارسال
December 9, 2019
لاہور ( 92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز  کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست نمٹاتے ہوئے وفاقی حکومت کی ریویو کمیٹی کو بھجوادی ، عدالت نے پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نیب کو 16دسمبر کے لئےنوٹس جاری کرتے ہوئے جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت کی ،مریم نواز کے وکیل اعظم نذیر تارڈ  نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسی بنچ نے مریم نواز کو ضمانت دی اور پاسپورٹ سرنڈر کرنے کا حکم دیا، اسی لئے عدالت کے پاس آئے ہیں، نوازشریف کے کیس میں ای سی ایل قانون پر نظرثانی کی گئی۔ جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپکو پہلے وزارت داخلہ سے رجوع کرنا چاہئے وہ جوبھی فیصلہ دے آپ پھر ہائیکورٹ آئیں، نواز شریف کا معاملے میں  پہلے نظر ثانی کی درخواست دائر کی گئی اور پھر کابینہ نے ایک دفعہ باہر جانے کی اجازت دی تھی،ہم چاہتے ہیں کہ ادارے اپنی اپنی قانونی حدود میں کام کریں۔ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے قبل ہمارا مؤقف نہیں سنا گیا، جس کا مؤقف سنے بغیر نام ای سی ایل میں ڈالا گیا اسکو عدالتوں نے ریلیف دیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے پہلے متعلقہ فورم سے رجوع کیا؟، جس پر مریم نواز کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم اس عدالت میں انصاف کے لیے آئے ہیں ، حکومتی وزراء کھلے عام کہہ رہے ہیں کہ ہم مریم کو جانے نہیں دیں گے،ایک معاملہ عدالت میں ہے اور وزراء اس پر  اپنے فیصلے سنا رہے ہیں ۔ عدالت نے ریماکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ حکومت کے پاس جائیں اور کابینہ اس پر فیصلہ کرے تو پھر عدالت آنا چاہئے تھا۔