Thursday, April 25, 2024

مریم نواز کو پارٹی نائب صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ تین ستمبر تک مؤخر

مریم نواز کو پارٹی نائب صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ تین ستمبر تک مؤخر
August 27, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن نے مریم نواز کو پارٹی نائب صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ تین ستمبر تک مؤخر کر دیا ۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے مریم نواز کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ کیس سے متعلق مزید تفصیلات چاہئیں۔ سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ دیکھنا ہو گا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے اور آرٹیکل 62، 63 کے اطلاق سے متعلق فریقین مزید معاونت کریں۔ الیکشن کمیشن نے وکلاء کو مزید معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ مریم نواز کے پارٹی عہدے کیخلاف تحریک انصاف کی ارکان قومی اسمبلی ملیکہ بخاری، کنول شوذب اور دیگر نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے 26 روز پہلے فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا جانا تھا۔