Friday, May 10, 2024

لاہور ہائیکورٹ، ضمانت منسوخی درخواست پر مریم نواز سے7 اپریل تک جواب طلب

لاہور ہائیکورٹ، ضمانت منسوخی درخواست پر مریم نواز سے7 اپریل تک جواب طلب
March 15, 2021

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت مسترد کرنے کی نیب کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، عدالت نے مریم نواز کو نوٹس جاری کرکے ان سے 7 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔

مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کن وجوہات کی بنیاد پر ضمانت منسوخی کیلئے رجوع کیا ہے۔

نیب کے وکلا نے بتایا مریم نواز ریاستی اداروں کیخلاف بیانات دے رہی ہیں نیب کیساتھ انکوائری میں تعاون بھی نہیں کر رہیں۔

وکلا نے بتایا کہ انکوائری کیلئے نوٹس جاری کیے تو مریم نواز کارکنوں کے ساتھ نیب آفس آئیں جنہوں نے پتھراؤ کیا۔

بینچ نے ریمارکس دئیے اگست میں مریم نواز کو بلایا تو آپ چپ کرکے بیٹھ گئے؟، ضمانت منسوخی کیلئے کیوں انتظار کیا گیا؟۔

ادھر عطاء اللہ تارڑ میڈیا سے گفتگو میں نے کہا، نیب کو ضمانت کی منسوخی کی درخواست واپس لے لینی چاہیے۔

عدالت نے نیب کی جانب سے دائر درخواست پر مزید سماعت 7 اپریل تک ملتوی کر دی۔