Wednesday, May 8, 2024

مریم نواز کو احتجاجی ریلی نکالنے کیلئے ایک اور مشکل ، مقامی رہنماؤں نے معذرت کر لی

مریم نواز کو احتجاجی ریلی نکالنے کیلئے ایک اور مشکل ، مقامی رہنماؤں نے معذرت کر لی
July 17, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز کو اکیس جولائی کو فیصل آباد میں ریلی نکالنے کے حوالے سے ایک اور مشکل کا سامنا ہے۔ مقامی رہنماؤں نے ریلی کامیاب بنانے کیلئے انتظامات کرنے کے بجائے قیادت سے معذرت کر لی ہے اور اب ذمہ داری مسز رانا ثناء اللہ کو سونپ دی گئی ہے۔ فیصل آباد کی لیگی قیادت نے مشکل وقت میں قیادت کو ساتھ چلنے کے بجائے لال جھنڈی دیکھا دی کیونکہ اکیس جولائی بروز اتوار مریم نواز نے فیصل آباد مین ریلی نکالنے کا پروگرام بنایا اور مقامی لیگی رہنما ہیں کہ انتظامی کمیٹی کے ممبر بننے کو بھی تیار نہیں۔ کئی راہنماؤں نے مریم نواز کی فون کال اٹینڈ نہیں کی اور متعدد نے صاف انکار کر دیا تو مریم نواز نے رانا ثناء کی اہلیہ کو کمیٹی کی سربراہ بنا دیا ہے جنہیں ہدایت کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ کارکنوں کو کمال پور انٹرچینج لایا جائے۔ لیگی رہنما میں انٹرچینج سے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے رانا ثناء کے گھر سمن آباد تک جائیں گی۔ لیگی رہنماؤں کیجانب سے تاحال ریلی کیلیے کوئی اجازت نہیں لی گئی تاہم کمشنر کمپلیکس میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والےاداروں نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں لیگی ریلی سے متعلق سرکاری لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔