Friday, May 10, 2024

مریم نواز کا آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ

مریم نواز کا آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ
August 31, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) مریم نواز نے آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز  نے لیگل ٹیم کو انتظامات کی ہدایت کر دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں پر  سماعت آج ہو گی۔ سماعت  کے  موقع پر مریم نواز کی اسلام آباد ہائی کورٹ  پیشی  کا امکان  ظاہر کیا جا رہا ہے۔ وفاقی پولیس نے سکیورٹی پلان  ترتیب  دے دیا ۔ ایس پی صدر اور ایس پی آئی نائن سیکورٹی کی براہ راست نگرانی کریں گے ۔ پلان  کے مطابق 560 پولیس اہلکار تین ڈی ایس پیز اور نو انسپکٹر  سیکورٹی پر تعینات ہوں گے۔ اسلام آباد پولیس  کی جانب سے  سیف سٹی میں کنٹرول روم قائم  کیا گیا ہے ۔ ہائی کورٹ کے اردگرد 500 میٹر کے ایریے کو سیل کیا جائے گا ۔ اطرافی گلیوں میں سول کپڑوں میں ملبوس اہلکار تعینات ہوں گے ۔ سی ٹی ڈی کی دو گاڑیاں پٹرولنگ کے لئے موجود ہوں گی۔ بیلا روڈ اور کشمیر ہائی وے پر گشت کی جائے گی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کو جانے والے راستوں  کو بلاکس اور خاردار تاریں لگا کر سیل کیا جائے گا  ۔ داخلی راستوں پر صبح پانچ بجے سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی جائے گی۔ کارکنوں کی جانب سے مزاحمت کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے واٹر کینن بھی موجود ہو گا ۔ ہائی کورٹ  میں سماعت کے دوران وکلا اور  میڈیا نمائندگان  کے علاوہ کسی کو عدالت میں جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔