Friday, May 10, 2024

مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت 26 دسمبر تک ملتوی

مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت 26 دسمبر تک ملتوی
December 23, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ۔ مریم نواز کی نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں دوسری درخواست پر سماعت ہوئی ، سماعت  جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے کی ۔ دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کل اسی معاملے پر کابینہ کا اجلاس ہے ، توقع ہے کہ کل اس پر فیصلہ کر دیا جائے گا مریم نواز کی درخواست قبل ازوقت ہے لہذا مسترد کی جائے۔ مریم نواز کے وکیل نے استدعا کی کہ درخواست مسترد نہ کی جائے اگر ترمیمی درخواست دائر کی گئی تو اسی کیس کے ساتھ لگا لی جائے گی ۔ وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے  انکے موکل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست وفاقی حکومت کو بھجوا کر سات روز میں اس پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا مگر ابھی تک حکومت نے اس پر فیصلہ نہیں کیا ۔ وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ انکے موکل کا نام بغیر نوٹس دئیے ای سی ایل میں شامل کیا گیا جو قانون کی خلاف ورزی ہےان کے والد نواز شریف لندن میں زیر علاج ہیں اور والدہ کی وفات کے بعد ان کی دیکھ بھال.کی ذمہ داری.مریم نواز پر ہے  ، لہذا عدالت نام ای سی ایل سے نکالنے کے احکامات جاری کرے۔ عدالت نے  کیس کی مزید سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔