Friday, May 17, 2024

مریم نواز کا اے پی سی میں شرکت کا حتمی فیصلہ ،مولانا کی اسمبلیوں سے استعفے کی شرط

مریم نواز کا اے پی سی میں شرکت کا حتمی فیصلہ ،مولانا کی اسمبلیوں سے استعفے کی شرط
September 19, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) مریم نواز نے اے پی سی میں شرکت کا حتمی فیصلہ  کرلیا ، گیارہ رکنی ن لیگی وفد کی قیادت مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کریں گے جب کہ مولانا فضل الرحمان کی جماعت کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفے کی شرط رکھ دی گئی ۔

مسلم لیگ ن کی رہنما  اور نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کی اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت کا حتمی فیصلہ سامنے آیا ہے ، مریم نواز  شہباز شریف کی قیادت میں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کریں گی  جبکہ نواز شریف اور آصف علی زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے  شرکت کریں گے ۔

ادھر بلاول بھٹو کی زیر صدارت پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں انتظامی مسائل کے باعث اے پی سی کا مقام پھر تبدیل کر دیا گیا ، نئے شیڈول کے مطابق انعقاد ایک نجی ہوٹل میں ہوگا۔

مریم نواز نے آل پارٹیز کانفرنس میں نوازشریف کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت اور خطاب کی تصدیق کردی، ٹویٹ میں کہا کہ نوازشریف کے خطاب کو سوشل میڈیا پر لائیو دکھانے سے متعلق اقدامات کیے جارہےہیں۔

 مریم نواز اے پی سی میں شرکت کے لئے  لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گئیں جب کہ ان کی  نجی فوڈ شاپ سے خریداری کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں ۔

ادھر مولانا فضل الرحمان کی جماعت جے یو آئی ف نے اے پی سی میں شرکت کے لئے شرائط عائد کر دی ہیں ،  ان کی جانب سے  اسمبلیوں سے استعفے کا معاملہ ایجنڈے میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے  جب کہ جماعت اسلامی نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا ۔ سراج الحق کا کہنا ہے جب تک آل پارٹیز کانفرنس کا ایجنڈا کلیئر نہ ہو، حصہ نہیں بنیں گے۔