Saturday, April 20, 2024

مریم نواز نے موجودہ حکومت کو مافیا اور تاریخ کی سب سے بڑی چور قرار دے دیا

مریم نواز نے موجودہ حکومت کو مافیا اور تاریخ کی سب سے بڑی چور قرار دے دیا
February 18, 2021

نوشہرہ (92 نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے موجودہ حکومت کو مافیا اور تاریخ کی سب سے بڑی چور قرار دے دیا۔

نوشہرہ میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا عمران خان کی حکومت دو سو پچیس ارب کا آٹا کھا گئی۔ ایک سو بائیس ارب کی ایل این جی اور ایک سو پانچ ارب کی بجلی کھا گئی۔ یہ پندرہ ہزار ارب کا قرضہ کھا کر دوسروں کو چور کہتے ہیں۔ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا۔ عمران خان کو رخصت کرنے کا وقت آ گیا۔

 مریم نواز نے کہا جو چوری ڈکیتیاں پاکستان پچھلے تین سال سے سہہ رہا ہے خیبرپختونخوا آٹھ سال سے برداشت کر رہا ہے۔ پاکستان اچھا بھلا چل رہا تھا، نوازشریف کے دور میں غریب کا چولہا جل رہا تھا، نوازشریف کے دور میں موٹرویز بن رہی تھیں ، نوازشریف کے دور میں کھانے پینے کی اشیاء سستی تھیں، نوازشریف کے دور میں نئے کارخانے لگ رہے تھے  ، ملک ترقی کر رہا تھا۔ اچانک اس زہریلی سونامی نے ، ان ڈکیتوں کے گینگ نے ملک پر ایک کے بعد ایک قیامت توڑنا شروع کر دی۔ آج غریب تو کیا امیر طبقے کی حالت بھی دیکھ کر دل روتا ہے۔ چولہے بجھ گئے، ریڑھی والا بھی بے حال ، دکاندار بھی بے حال ہے۔ سرکاری ملازم، ڈاکٹرز اور پولیس والے بھی بدحال ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا نوازشریف کے دور میں ترقی کی شرح 5.7 فیصد تھی، اس سادھو اور حاجی کے زمانے میں ترقی کی شرح نیچے نہیں زمین کے نیچے چلی گئی ہے۔ جن کو چور کہتا تھا ان کے دور میں انڈے 70 روپے اور آج 300 روپے درجن ہیں۔ آٹے کی قیمت 35 روپے کلو تھی، آج 80 روپے کلو ہے۔ نوازشریف کے دور میں روٹی 5 روپے کی تھی، آج ثاقب نثار کے صادق اور امین کے دور میں روٹی بیس سے تیس روپے میں مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا جب تحریک انصاف کا امیدوار آپ سے ووٹ مانگنے آئے اسے بجلی اور گیس کے بل دکھانا۔ اس سے کہنا کس منہ سے ووٹ مانگنے آئے ہو، اسے کہنا چلتے بنو اور باہر نکلو۔

مریم نواز نے کہا ووٹ ان کو دینا جن کو وعدے پورے کرنے آتے ہوں۔ ووٹ ان کو دینا جنہیں عوام کی خدمت کرنی آتی ہو۔ ایسے لوگوں کو ووٹ نہ دے دینا جنہوں نے ایک ارب درخت لگا تو دیئے لیکن وہ کسی کو نظر نہیں آتے۔ نوشہرہ کے عوام سے کہتی ہوں عمران خان کو ووٹ نہیں دینا بلکہ اسے اٹھا کر اقتدار سے باہر پھینکنا ہے۔ 19 فروری فیصلے کا دن ہے۔ 19 فروری کو ڈسکہ، وزیرآباد اور نوشہرہ میں شیر دھاڑے گا۔ ن لیگ کو ووٹ دینا ہے اور اپنے ووٹ کو چوری ہونے سے بھی بچانا ہے۔